انگلینڈ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کیلیے پرعزم

229

سائوتھمپٹن ( جسارت نیوز ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔انگلینڈ نے پاکستان کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے انگلش آل رائونڈر کرس ووکس نے بیان میں کہا کہ وہ 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ خوشی اس بات کی ہوئی کہ انکی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں اب صرف ایک فتح کی دوری پر ہے۔کرس ووکس نے کہاکہ انکی ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس سے پہلا میچ جیتنے کے باوجود دوسرے میں آسان نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔