سائوتھمپٹن ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا، قومی ٹیم کی پریکٹس

179

سائوتھمپٹن (جسارت نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل کھیلا جائے گا، گزشتہ روز سائوتھمپٹن میں ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان3 میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے روز بائول ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف3 میچز کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے گرین سرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دیکر سے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم فارم میں ہے اور پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم کے پاس آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھیننے کا سنہری موقع ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے میزبان ٹیم کو پاکستان کی ٹیم سے ایک ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہوگا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساؤتھمپٹن میں ہی شیڈول ہے جو 21 سے 25 اگست تک کھیلا جائے گا۔