وفاقی حکومت غیر جمہوری اور سامراجی طاقتوں کی ایجنٹ ہے

255

سکھر (نمائندہ جسارت) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت غیر جمہوری سلیکٹڈ اور سامراجی طاقتوں کی ایجنٹ ہے، اس کی 2 سالہ کارکردگی معیشت کی تباہی اور عوام کے لیے اذیت ناک ہے، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن واحد عوامی لیڈر ہیں جنہوں نے روز اول سے اس عوام دشمن حکومت کیخلاف آواز بلند کی اگر تمام اپویشن جماعتیں ان کا ساتھ دیتیں تو آج نہ یہ حکومت اور نہ ہی ملک کی یہ حالت ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کے سابق صوبائی انفارمیشن سیکرٹری مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، پی پی پی اور ن لیگ نے ان کا ساتھ نہ دیکر ان کو نہیں بلکہ عوام کو مایوس کیا ہے۔ علامہ راشد سومرو نے کہا کہ عالمی وباء کے پیش نظر ہم نے سیاسی سرگرمیاں معطل کیں، اب 7 ستمبر کو پشاور میں بڑا حکومت مخالف جلسہ کر کے تحریک کا دوبارہ آغاز کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے اب بھی مصلحت پسندی ترک کر کے نااہل اور غیر جمہوری حکومت کو ہٹانے کے لیے سنجیدہ کردار ادا نہ کیا تو ملک کی وحدت اور جمہوریت کی بقاء خطرے میں پڑ جائیگی۔