پی ایف یو جے نے صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد کی، اسد پٹھان

509

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے کے قیام کے 70 سال کی تکمیل پر سکھریونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پریس کلب ہال میں ایک سیمینار منعقد ہوا جبکہ صحافیوںنے ریلی نکالی۔ سیمینار سے پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالا اسد پٹھان، صدر ایس یو جے سلیم سہتو، سینئر نائب صدر جلال الدین بھیو، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی، ممبران ایگزیکٹو کونسل پی ایف یو جے آصف ظہیر خان لودھی، امداد بوزدار، سحرش کھوکھر و دیگر نے خطاب کیا۔ مرکزی نائب صدر لالا اسد پٹھان و دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کی 70 سالہ صحافتی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس یو جے کی جانب سے پی ایف یو کے 70 سال مکمل ہونے پر ہفتہ بھر منائے جانے کا اعلان کیا ہے، جس دوران خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، کندھکوٹ، کشمور، شکارپور سمیت ریجن کے مختلف مقامات پر ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی 70سالہ تاریخ گواہ ہے کہ پی ایف یو جے صحافیوں کی واحد منظم تنظیم ہے جس نے آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔ مختلف جمہوری و آمریت کے ادوار میں صحافیوں اور صحافت پر قدغن، غیر اعلانیہ سنسر شپ، اخبارات کے اشتہارات و خبروں کی بندش کے مواقع پر انتہائی مشکل وقت میں پی ایف یو جے نے صحافیوں کے ساتھ جدوجہد کی اور جیل، کوڑوں کی سزاؤں کا پامردی کیساتھ سامنا کیا۔ آزادی صحافت و اظہار رائے کی آزادی، صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے پی ایف یو جے کی 70 سالہ تاریخی جدوجہد کو فراموش نہیںکیا جاسکتا۔