ملک کو ون یونٹ بنا نے کی کوششیں نا کام بنا دیں گے ، بلاول زرداری

168

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کو ون یونٹ بنانے کی کوششیں ناکام بنادیں گے۔ یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا۔زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین بلاول زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران بلاول زرداری نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، اس حکومت کی کوئی سمت نہیں، یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا
جائے گا۔ اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے، ہم چھوٹے صوبوں کے حقوق اور آئین کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے این ایف سی ایوارڈ کے معاملے میں حکومت کی جانب سے ناانصافی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کو ہم ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔