کفایت شعاری،نئی گاڑیوں کی خریداری اور بھرتیوں پر پابندی

327

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے مالی کفایت شعاری پالیسی کے تحت مالی سال 2020-21کے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں نئی گاڑیوں کی خریداری،ملازمتوں کی نئی آسامیوں پر پابندی عائد کردی۔وزارتوں و ڈویژنوں میں نئی گاڑیوں اور نئی آسامیوں کی ناگزیر ضروریات کا جائزہ لینے کیلیے ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ(اخراجات)کی
سربراہی میں پانچ رْکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔اس ضمن میںوزارت خزانہ کی جانب سے جاری میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں و ڈویژنوں اور ان کے ماتحت ڈپارٹمنٹس میں افسران کے اخبارات و جرائد پر بھی پابندی ہوگی اور صرف مجاز افسران کو ایک اخبار یا میگزین لینے کی اجازت ہوگی۔ موٹر سائیکل کے علاوہ تمام اقسام کی گاڑیوں کی خریداری اور نئی اسامیوں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔بجلی،پانی اور گیس سمیت دیگر یوٹیلٹی بلوں کے اخراجات کو کنٹرول کرنا اور دیگر سرکاری اثاثہ جات کی مینٹی نینس کے اخراجات کو بھی کم سے کم سطح پر لانا اکاونٹنگ افسران کی ذمہ داری ہوگی ، ان اخراجات کو بجٹ میں مختص کردہ فنڈز تک محدود رکھنا ہوگا۔ اگر کسی وزارت وڈویژن میں نئی گاڑیوں یا نئی آسامیاں پیدا کرنا ناگزیر ہوگا تو اس کیلیے قائم کمیٹی ضروریات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات دے گی۔