بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،کوئی پوچھنے والا نہیں

140

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں لوکل گورنمنٹ کی عدم موجودگی نے شہر کو مسائلستان بنادیا ہے۔مون سون کی چند بارشوں نے انتظامیہ کی کھلی کھول دی ہے۔شہر کے نشیبی علاقوں کی سٹرکیں اور گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔ ٹوٹی سٹرکیں، بوسیدہ سیوریج کا نظام اور ڈسٹرکٹ کرائم جیسے مسائل سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سب سے بڑے منصوبے اورنج لائن ٹرین کی لاگت 270 ارب سے تجاوز کرجانا سابقہ اور موجودہ حکومتوں کی نااہلی ہے۔ اعلی ٰ عدلیہ کے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو مکمل کرنے کے احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ بدقسمتی سے عوام کا پیسہ ہر دور میں حکمرانوں نے اپنے من پسند پروجیکٹس پر خراج کیا ۔ حقیقی معنوں میں عوام کو ہر دور میں دلفریب نعروں اور تبدیلی کے دعوؤں سے بیوقوف بنایا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امرا جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم،ضیا الدین انصاری، اظہر بلال، افتخار احمدچودھری، چودھری محمد شوکت، ڈاکٹر محمود خان،خالد احمد بٹ،حاجی ریاض الحسن، چودھری محمود الاحد، مرزا عبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، محمد یونس ایڈووکیٹ،اطہر محمود، شعیب یعقوب، احمد سلمان بلوچ، محمد انور گوندل چودھری عبدالقیوم گجر، چودھری عبدالواحد ڈسٹرکٹ لاہور کے ذمے داران نے شرکت کی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں بے پناہ اضافہ کیاہے۔شہر لاہور کو پیرس اور دبئی بنانے والے حکمران آج تک عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں کرسکے۔ صوبائی دارالحکومت میں 70 فیصد لوگ ابھی بھی گھروں میں گندا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے شہری مختلف موذی بیماروں کا شکار ہو رہے ہیں۔اس موقع پر امیر لاہورنے اہل لاہور سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کیلیے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کی باکردار اور باصلاحیت قیادت کو ووٹ دیں۔ جماعت اسلامی اہل لاہور کو بلدیاتی الیکشن میں نڈر اور امانت و دیانت اور خدمت کے جذبے سے سرشار قیادت فراہم کریں گے۔