حکومت کو ہرمحاذ پرناکامی کا سامنا ہے، محمد حسین محنتی

303
کراچی: کسان بورڈ پاکستان کے نائب صدر عبدالجبار خان کا محمدحسین محنتی سے ملاقات کے بعد گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کو ہرمحاذ پرناکامی کا سامنا ہے، استحصالی نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے بغیر کسانوں سمیت کسی کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملک کی 70 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے مگر دیگر شعبوں کی طرح زراعت اور کاشتکا ر طبقہ بھی حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے بدحالی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں کسان بورڈ پاکستان کے نائب صدر عبدالجبار خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد نے صوبائی امیر کو سندھ سمیت پاکستان میں کسانوں کو درپیش مسائل اور حکومتی بے حسی سے آگاہ کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ معاشی ترقی کے تمام تردعوئوں کے باوجود مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔حکمران آٹا ،چینی،پیٹرول، بجلی سمیت جس چیز کا بھی نوٹس لیتے ہیں ان کی قیمتیں آسمان پرچلی جاتی ہیں کہیں بھی حکومتی رٹ نظر نہیں آتی۔حکمرانوں کی اقربا پروری اور مفاد پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے زراعت سمیت ہر شعبہ بدحالی کا شکار ہے۔ حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کسانوں اور مظلوم و پسے ہوئے طبقے کی بات کی ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فی الفور کسانوں کی مشکلات کو ختم کرے اور ان کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ کسان بورڈ پاکستان کے نائب صدر عبدالجبار خان نے کہا کہ کسان بورڈ کسانوں کا ملک گیر پلیٹ فارم ہے۔ ہم کسان برادری کے مسائل کو پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر اٹھا کر انہیں اپنا حق دلا کر رہیں گے کیونکہ ہمارا نعرہ ہے کہ کسان خوشحال تو ملک خوشحال ہے۔ کسان بورڈ کے مرکزی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت کھاد، بیج، ٹیوب ویل اور ڈیزل و بجلی سمیت زرعی مشینری کی قیمتوں میں واضح کمی کر کے کسانوں کو ریلیف دے۔