دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 3 لاکھ ہو گئی

219

واشنگٹن/ ریوڈی جنیرو/ نئی دہلی/ سڈنی/ ٹوکیو/ ڈھاکا/ کولمبو (اے پی پی) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2کروڑ3 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک 7لاکھ39 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد6396652 ہے۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکا دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکا پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکا میں وائرس سے ایک لاکھ66 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کا پھیلائو اب بھی جاری ہے۔ متاثرین کی تعداد52 لاکھ 51 ہزار سے زاید ہے جبکہ کورونا کے فعال کیسوں کی مصدقہ تعداد2369320 ہے۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے مریضوں کی تعداد 3057470تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس کے791801 فعال مریض ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 703 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ادھر بھارت میں بھی کورونا وائرس کا انتہائی تیزی سے پھیلائو جاری ہے، ملک میں کورونا وائرس سے اب تک45361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 53601 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 2269052 تک پہنچ گئی ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 640202 ہے۔ روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ92 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 15ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فعال مریضوں کی تعداد 180972 ہے۔ روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5118 نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔ادھرملائیشیا میں کورونا کے 11 نئے کیس رجسٹر ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 9,094 ہوگئی۔ بنگلہ دیش میں 2,907 نئے مریض رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 260,507ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 اموات کی اطلاع ہے۔اُدھرجاپان میں کوویڈ 19 کے کیسوں کی تعداد 761 اضافے سے 49,671 ہوگئی ہے۔ افغانستان میں کوویڈ 19 کے 56 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 37,162 ہو گئی ہے۔جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 28 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے ان کی کل تعداد 14,626 ہوگئی ہے۔نیوزی لینڈ میں مسلسل 5 روز تک کوئی نیاکیس سامنے نہیں آیا۔آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز میں ایک دن میں ریکارڈ اضافہ کے باعث اندرونی سرحدیں کرسمس تک بند رہنے کا امکان ہے۔ سری لنکا نے کورونا کے خطرے کے درمیان ملک میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ایک ماہ بعد سرکاری اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔