بلوچستان میںتعمیراتی منصوبوں کیلیے این او سی لازمی قرار

152

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ تیزی سے رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں، انہوں نجی اور سرکاری شعبوں کے بڑے تعمیراتی منصوبوں میں محکمہ ماحولیات سے این او سی کے حصول کو لازم قراردینے کے لیے قانون سازی کرنے کی ہدایت کردی، اقدام کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت محکمہ ماحولیات اور ماحولیاتی تحفظ کے محکمانہ امور کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کی محکمہ منصوبہ بندی وترقیات میں منصوبوں کی منظوری کے ڈی ایس سی اور پی ڈی ڈبلیو پی کے فورمز میں محکمہ ماحولیات کے تکنیکی نمائندہ کو مستقل ارکان کے طور پر مقرر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ ماحولیات کی ٹیکنیکل اور دیگر خالی اسامیوں کو متعلقہ ڈگری اور مہارت کے حامل امیدواروں کے ذریعے پر کی جائیں۔ سیکرٹری محکمہ ماحولیات و ماحولیاتی تحفظ عبدالصبور کاکڑ نے اجلا س کو محکمانہ امور اور مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی ترغیبات کے تحت تعمیرات کے شعبے میں انقلابی ترقی متوقع ہے۔ حکومت بلوچستان ساحلی و دیگر علاقوں کی ترقی کے منصوبوں پر بھی عمل پیرا ہے۔