وائٹ ہائوس کے قریب فائرنگ ،ٹرمپ بھاگ نکلے

265
واشنگٹن: فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کا قریبی علاقہ پولیس نے گھیر رکھا ہے‘ ٹرمپ پریس بریفنگ ادھوری چھوڑ کر جا رہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران فائرنگ کی آواز سن کر تقریر ادھوری چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریب سیکورٹی اہل کار نے مشتبہ شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ ادھر فائرنگ کی آواز سنتے ہی ٹرمپ نے نیوز کانفرنس روک دی اور بریفنگ روم سے باہر چلے گئے۔ بعد میں واپس آئے اور کوئی خطرہ لاحق نہ ہونے پر بھی سیکورٹی اہل کاروں کی تعریف کی۔ ادھر سیکرٹ سروس یونیفارمڈ ڈویژن کے سربراہ ٹام سلیوان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کمپلیکس ہر طرح سے محفوظ ہے اور وہاں کوئی خطرہ نہیں رہا۔ ٹام سلیوان نے دعویٰ کیا کہ مشتبہ شخص مسلح تھا ۔ اس نے پولیس اہل کارکو بتایا کہ اس کے پاس اسلحہ ہے ، بعد ازاں وہ جارحانہ انداز میں اہل کار کی طرف بڑھا ،جس کے باعث وہ فائر کرنے پر مجبور ہوگیا۔اس دوران حملہ آور نے اپنے کپڑوں سے کچھ نکالنے کی کوشش بھی کی،تاہم ثابت نہیں ہوسکا کہ اس کے پاس کوئی ہتھیار تھا۔ گولی لگنے سے مبینہ حملہ آور زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور 51سالہ شخص ہے، تاہم بیان میں اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ماہرین تفتیش کررہے ہیں کہ حملہ آور کسی ذہنی بیماری میں مبتلا تو نہیں تھا۔