نائجیریا ،توہین رسالت پر گلوکار کو سزائے موت

341

ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی نائیجیریا کی عدالت نے نبی آخر الزمان محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر گلوگار کو موت کی سزا سنادی۔ ریاست کانو میں شرعی عدالت نے 22سالہ گلوکار یحییٰ امینو شریف کو توہین رسالت کا مجرم قرار دیا۔ یحییٰ نے مارچ میں اپنا ایک نغمہ سوشل میڈیا پر جاری کیا تھا،جس میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔ اس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے اور مظاہرین نے اس کے گھر کو بھی آگ لگا دی تھی۔ جج محمد کانی نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو سزائے موت سنائی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ یحییٰ شریف کو فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت حاصل ہوگی۔ ادھر محکمہ انصاف کے ترجمان بابا جیبو ابراہیم نے بتایا کہ یحییٰ امینو کے خلاف شرعی عدالت میں 4ماہ تک مقدمے کی سماعت ہوئی اور اس دوران استغاثہ کے ساتھ ساتھ وکیل دفاع بھی موجود رہے اور امینو کو پوری طرح سے قانونی مدد فراہم کی گئی۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مقدمے کی سماعت سخت حفاظتی بند و بست کے ساتھ بند کمرے میں ہوئی۔ واضح رہے کہ شمالی نائیجیریا کی کئی ریاستوں نے 2000ء میں شرعی قوانین نافذ کیے تھے،جس کے بعد یحییٰ امینو شریف دوسراشخص ہے، جسے توہین رسالت کے معاملے میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔