یہود کی فائرنگ سے 3 فلسطینی زخمی‘ چھاپوں میں 7 گرفتار

486
مقبوضہ بیت المقدس: بہادر فلسطینی خاتون گھر مسمار کرنے کے لیے آنے والے اسرائیلی فوجیوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے علاقے رام اللہ میں طیبہ گاؤں کے مشرق میں مسلح یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہری شدید زخمی ہو گئے۔ نوآبادیات اور مزاحمتی دیوار کے کمیشن کے مطابق المعراجات کے علاقے میں الکعابنہ خاندان سے تعلق رکھنے والے 3 شہریوں پر مسلح صہیونی شرپسندوں نے براہ راست فائرنگ کی، جس کے بعد 3 زخمیوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بستیوں میں مقیم یہودی آباد کار مقامی لوگوں کو اپنے گھر اور زمین چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں چھاپے اور گھروں کی تلاشی کے بعد 7 فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔مقامی ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت علا درباس، فارس درویش، تیسیر محیسن، محمد ابو بکر، عمر العانتی، محمد صلاح الدین اور منتصر صلاح الدین کے ناموں سے ہوئی۔ تمام کو حزما قصبے ، شعفاط پناہ گزین کیمپ اور العیسویہ قصبے میں انکے گھروں سے اغوا کیا گیا اور ہتھکڑیاں لگا کر تفتیشی اور حراستی مراکز منتقل کیا گیا۔