رات 8 بجے کے بعد مارکیٹ نہ کھولنے کا نوٹیفکیشن تاجر دشمنی ہے،الیاس میمن

219

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آل کراچی انجمن تاجران کے سربراہ اور طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کے صدر الیاس میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری سراج قاسم تیلی کے ساتھ ہے‘ انہوں نے ہمیشہ کراچی کے تاجروں کے لیے ہر جگہ اورہرسطح پر آواز اٹھائی ہے اور تاجر برادری کے لیے کسی بھی دباؤ کے بغیر ہمیشہ ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رفیق جدون‘ شکیل چاؤلہ‘ ناصر محمود‘سلیم انڑ‘عبدالصمد خان اور دیگرتاجر رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ الیاس میمن نے مزید کہا کہ تاجروں کے لیے کورونا کے دوران کاروباری بندش کا معاملہ ہو ‘سانحہ بولٹن مارکیٹ ہو یا شیر شاہ بھتا خوروں کی جانب سے قتل و غارت گری کے نتیجے میں خوف کی صورتحال ہو‘ سراج قاسم تیلی نے ہر معاملے میں تاجروں کے لیے آواز بلند کی بلکہ تاجروں کو اس صورتحال سے چھٹکارا بھی دلایا ۔الیاس میمن نے کہا کہ کراچی کو فوج کے حوالے کرنے والے بیان پر تاجر برادری ان کے ساتھ ہے ‘پیپلز پارٹی نے کراچی کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جو شہر پورے ملک کو چلاتا ہے آج اس شہر کا پورا نظام تباہ ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی تاجر برادری کی جانب سے 4 ماہ سے زیادہ کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے باوجود جب وفاقی حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرکے رات10بجے تک کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا اعلان کیا تو سندھ حکومت نے ان احکامات کے باوجود رات 8بجے تک کاروبار کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور تاجروں کو جان بوجھ کر پریشان کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے احکامات سے محسوس ہو رہا ہے کہ انہیں کراچی کے کاروبار سے کوئی ہمدردری نہیں ہے بلکہ انہیں صرف اپنی سیاست سے دلچسپی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے میں سندھ حکومت ناکام رہی ہے۔