کورونا کی نئی لہر سے قبل سخت اقدامات کرنا ہونگے، عالمی ادارہ صحت

332

جنیوا (آن لائن) عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان نے تنبیہ کی ہے کہ کورونا وائرس کی نئی اٹھنے والی لہر کے خلاف ردعمل تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مائیک ریان نے کہا کہ کورونا کی نئی اٹھنے والی لہر سے مل کر لڑنے کی ضرورت ہے، سخت اقدامات سے ہی کورونا وائرس کی نئی لہرپر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مغربی یورپ اور دیگرجگہوں پر اٹھنے والی لہر کے خلاف ردعمل تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے اپنے ایک بیان میں دنیا کو امید دلائی ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں، تقریبا 165 ادویہ ساز کمپنیاں کورونا ویکسین کی تیاری میں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح نیوز لینڈ اور روانڈا جیسے ملکوں نے کرونا پر قابو پایا اس طرح دیگر ممالک بھی پالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پولیو اور خسرے کی بیماری ویکسین ہونے کے باوجود موجود ہے اسی طرح ہمیں کورونا کے ساتھ بھی رہنا پڑسکتا ہے، ویکسین وبا کا خاتمے کردے گی یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔