وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سب اچھا کی رپورٹ‘اہم فیصلے نہیں ہوسکے

479
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی کابینہ کا اجلاس بریفنگ تک محدود ہوکررہ گیا اور سب اچھا کی رپورٹ پیش کی گئی۔اہم فیصلے نہیں ہوسکے۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر مشیر خزانہ نے اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مالی سال کا خسارہ 9.1 فیصد متوقع تھاجو اس وقت 8.1 فیصد ہے، حسابات جاریہ کے خسارے میں 2 سال کے عرصہ میں 17 ارب ڈالر کی کمی آئی،تحریک انصاف کو جب حکومت ملی تو جاری مالیاتی خسارہ 20 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا، 2 سال کے دوران برآمدات بڑھانے اور غیر ضروری درآمدات میں کمی کی پالیسی اپنائی گئی اورا سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12.5ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، کوویڈ۔19 کی صورتحال کے باوجود احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ50 لاکھ غریب خاندانوں تک مکمل شفاف انداز میں مالی امداد پہنچائی گئی جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اشیاء ضروریہ پر رعایتی پیکیج دیا گیا۔شبلی فراز کے مطابق وزیر اعظم نے کچی آبادی کے مکینوں کو بے گھر کرنے کے بجائے قومی دھارے میں لانے اور کھوکھا جات کے حوالے سے سی ڈی اے کو پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے، وفاقی کابینہ نے این آئی آر سی کے چیئرمین کی مدت ملازمت میں 2 سال کی توسیع اور شاہد محمود خان کو ایم ڈی پارکو تعینات کرنے کی منظوری دی ۔