کراچی میں نجی پراپرٹی سے بھی اشتہاری بورڈز ہٹانے کا حکم

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے کمشنر کراچی کو نجی پراپرٹی سے بھی فوری طور پراشتہاری بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا۔منگل کو عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکن بنچ نے سائن بورڈز اور ہورڈنگز سے متعلق سماعت کی۔کمشنر کراچی کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹانے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ آپ لوگ کیوں ایسا کام کرتے ہیں جس سے لوگوں کو نقصان ہوتا ہے، اگر اس واقعے میں بندہ مر جاتا تو قتل کا مقدمہ ہوتا اور آپ کو پھانسی لگ جاتی۔ کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے شہر بھر سے 300 سے زائد سائن بورڈز ہٹا دیے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر کوئی اشتہار نہیں لگنا چاہیے، ٹی وی پر اشتہار چلتا ہے یہی کافی ہے، عدالت نے اشتہارات کی اجازت دینے والے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ۔عدالت کا کہنا تھا کہ کسی کو انسانی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔