خالی کنٹینر ز کی غیر قانونی ترسیل،کسٹم عہدیدارمعطل ، چارج شیٹ جاری

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغا نستان سے آنے والے خالی کنٹینر ز کی غیر قانونی تر سیل کے سلسلے میں عہدیداروں کو معطل کر کے ایک درجن سے زاید افراد پر چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ میں بے ضابطگیوں ، بدعنوانیوں اور ناکارہ عناصر کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے کسٹم ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے ، جبکہ این ایل سی اور سینئر افسران سمیت اہم عہدیداروںکو تحفظ فراہم کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بد عنوانی میں ملوث ہائی پروفائل کیسز میں پولیس کے ساتھ مل کر تفتیش کی جاتی ہے جس کی وجہ سے گرفتار افراد کو باآسانی رہائی مل جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکام طورخم کسٹم سے گزرنے والی گاڑیوں سے رشوت طلب کرتے ہیں جس کی وجہ سے کاغذات کی تصدیق کا عمل متاثر ہوتا ہے، ایف بی آر کے ایک اعلان کے مطابق جولائی سے اب تک 26 افسران اور 19 اہلکار معطل کردیے گئے ہیں جبکہ 3 ملازمین کو ملازمت سے برخاست بھی کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم سے بھی 2 سینئر افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ معطل ہونے والوں میں ماڈل کسٹم کلکٹریٹ ، کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ، حیدرآباد ، گوادر ، ڈائریکٹوریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ ، پشاور اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن آئی آر، حیدرآباد شامل ہیں جبکہ برخاست ملازمین ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد میں تعینات تھے۔