کراچی میں جشن آزادی کے اسٹال پر دستی بم حملہ‘7زخمی

311

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن حدید میں جشن آزادی اسٹال کے قریب کریکر حملے میں خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔نامعلوم موٹرسائیکل سوار گلشن حدید فیز ون مدنی مارکیٹ کے قریب جشن آزادی کے ایک اسٹال کے قریب کریکر بم پھینک کر فرار ہوگئے ‘کریکر دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور دھماکے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں پہلے قریبی اسپتال پھر جناح منتقل کردیا گیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔ زخمی فراد کی شناخت 23 سالہ اسد اللہ ولد نور محمد، 20 سالہ عبدالقادر ولد ہدایت اللہ، 28 سالہ حسن ولد جہانزیب، 30 سالہ عروسہ دختر جہانزیب، 28 سالہ افضل ولد فضل اور 18 سالہ عامر جنید علی اور دانش سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی اور حملے میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں، جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ بم ڈسپوزل کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملے میں روسی ساختہ آر جی ڈی ون کریکر بم استعمال کیا گیا، جس کا وزن ڈھائی سو گرام تھا ۔