زرتاج گل کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

634

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کے کیس میں وزیر مملکت زرتاج گل سمیت وائلڈ لائف بورڈ کے ممبران، سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والے جانوروں کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اور سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی عدالت میں پیش ہوئے۔

کیس کی ابتدائی سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے شوکاز نوٹس جاری نہ کرنے کی استدعا کی جسے ہائی کورٹ نے فوراً مسترد کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، ان کی سیکریٹری ناہید درانی، وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ممبران اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی امین اسلم کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

سیکریٹری ناہید درانی نے عدالت سے کہا کہ تمام ذمہ داری قبول کرتی ہوں، وفاقی کابینہ کے ارکان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ جس پر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا کہ کابینہ نے وائلڈ لائف بورڈ کی منظوری دی تھی، ذمہ دار بھی وہ ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔