وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

455

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا ، جس میں  ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو چیئرمین سی ڈی اے کی مارگلہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی ،اسی کے ساتھ اسلام آباد کے مضافات میں قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات پر آئی جی اسلام آباد نے بریفنگ دی،جس پر عمران خان نے آئی جی اسلام آباد کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر شاباشی دیتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کابینہ کا پائلٹس کے لائسنس کی معطلی میں توسیع کافیصلہ کیا گیا،پاکستان کے بڑے ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے سے متعلق بریفنگ  بھی دی گئی۔

اجلاس میں ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے دی ہے،فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو چھوٹ دینے سے متعلق معاملہ موخر کردیاگیا ہے۔

اجلاس میں کابینہ چیئرمین این آئی آر سی کے کانٹریکٹ میں دوسری توسیع کی منظوری  کے ساتھ پاک ارب ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی،کابینہ نے کمیٹی برائے انرجی کے 30جولائی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے ملک بھر میں کوووڈ 19کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا،کابینہ نے کاروبار اور تفریح گاہیں کھولنے سے متعلق این سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

کابینہ کو جشن آزادی کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر کابینہ کے اراکین نے کہاکہ جشن آزادی جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

وزیر اعظم نے معاشی صورت حال میں حالیہ استحکام پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ موڈیز کی جانب سے ملکی معیشت کی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا جانا خوش آئند ہے،عمران خان نے معاشی اعشاریوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی بھی  ہدایت دی۔