مریم نواز کی نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، پولیس اور کارکنان میں جھڑپیں

639

مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نیب میں پیش ہوگئیں،  پولیس نے سیاسی کارکنوں کی ریلی کو نیب آفس کے قریب آنے سے روک دیا جس پر کارکنان مشتعل ہوگئے اور پتھراؤ شروع کردیا۔

مریم نواز کی نیب آفس میں پیشی کے موقع پر پولیس اور لیگی کارکنوں میں جھڑپ ہوئی، کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا، ہنگامہ آرائی کی اور بیریئر توڑ دیے۔ نیب آفس کے باہر میدان جنگ بن گیا۔پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی جس پر کارکن مزید طیش میں آگئے۔

درجنوں کارکنان کی پولیس سے مدبھیڑ کافی دیرتک جاری رہی جس پر پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا۔اس موقع پر خواتین کارکنان بھی موجود تھیں جب کہ لیگی قیادت کارکنوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتی رہی۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کارکنوں کو صبر وتحمل کی تلقین کی اور نیب آفس کے قریب نہ جانے کی ہدایات کیں۔ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے گرفتاریوں کا آغاز کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

پتھر لگنے سے مریم نواز کی گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس کے پتھراؤ سے گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہے۔