لاہور، 6گھنٹے کی بارش نے صوبائی حکومت کے دعوئوں پر پانی پھیر دیا ،جاوید قصوری

115

لاہور (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ راوی بیدیاں نہر ٹوٹنے سے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ مسلسل 6گھنٹے کی بارش نے وزیر اعلیٰ اور واسا حکام کے تمام تر دعوئوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ شہر میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل حکمرانوں نے تیاریوں کے حوالے سے جو بھی اقدامات کیے تھے وہ اب کہیں نظر نہیں آتے۔ بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔ صفائی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔ جس سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پورے ملک میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 35افراد جاں بحق اور 135زخمی ہوگئے ہیں۔ کئی علاقوں میں بے تحاشا پانی کھڑے ہونے اور انتہائی خطرناک بجلی کے ترسیلی نظام کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔بد قسمتی یہ ہے کہ متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی صرف اور صرف کاغذوں تک محدود ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ لاہور کو خوبصورت بنانے کے دعویداروں نے اس کو وینس میں تبدیل کردیا ہے۔ جگہ جگہ اب نکاسی کے مسائل سامنے آرہے ہیں۔ ایک طرف موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، اداروں کی بدترین کارکردگی قوم کے سامنے ہے جبکہ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے لاہور، راولپنڈی ، اسلام آباد، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، ملتان ، ساہیوال میں آئندہ چند گھنٹوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔