اوکاڑہ میں خاور شاہ یوتھ بیس بال اکیڈمی قائم کردی گئی

476

اوکاڑہ (رپورٹ: پرویز شیخ) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید کے احکامات کے مطابق اوکاڑہ میں پہلی خاور شاہ یوتھ بیس بال اکیڈمی قائم کردی گئی۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے یوتھ بیس بال اکیڈمی کا افتتاح کیا۔فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں اسپورٹس کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور گورنمنٹ ٹریننگ کیمپس کا انعقاد بھی نہیں کررہی جبکہ پاکستان کی یوتھ بیس بال ٹیموں نے ا س سال انڈر 12اور انڈر18 ایشین بیس بال چیمپئن شپس میں شرکت کرنا ہے۔ کھلاڑیوں کی ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب نے ملک کے مختلف شہروں میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کرنے کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں اوکاڑہ میں خاور شاہ بیس بال اکیڈمی کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کے مہمانان خصوصی صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ،ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد حماد لکھوی اور گورنمنٹ کالج سول لائنز لاہور کے پروفیسر اعجاز احمد تھے۔افتتاحی تقریب سے خظاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کا کہنا تھا کہ فیڈریشن ملک میں یوتھ بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ کے تعاون سے بحریہ ٹاؤن لاہور میں یوتھ بیس بال اکیڈمی پہلے سے کام کررہی ہے۔ اس اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ اس اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے سید محمد شاہ نے انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2019چائنا میں بیسٹ ہٹر ایوارڈ اور ذیشان امین نے بیسٹ ہوم رن ایوارڈ اور بیسٹ آؤٹ فیلڈر ایوارڈ حاصل کئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوکاڑہ بیس بال اکیڈمی کے کھلاڑی بھی اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔