تائیوان ،دہائیوں بعد کسی بھی امریکی وزیر کا دورہ

448
تائیوان: صدر سائی انگ وین امریکی وزیر صحت الیکس آذر کا استقبال کررہی ہیں

تائی پے (انٹرنیشنل ڈیسک) چین اور امریکا کے درمیان کئی معاملات پر جاری شدید کشیدگی کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر رکن 3 روزہ دورے پر تائیوان پہنچ گئے جہاں وہ صحت کے سیکرٹری الیکس آذر، تائیوان کی صدر سائی انگ وین، ہم منصب چن شی چنگ، وزیر خارجہ جوزف وو اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کام کرنے والے ماہرین سے ملاقات بھی اس دورے کا حصہ ہے جب کہ امریکی وفد صحت عامہ کے طلبہ اور امریکی مرکز برائے امراض کے تربیتی پروگرام سے خطاب بھی کریں گے۔ دوسری جانب چین نے اس دوسرے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صحت اور انسانی خدمات کے امریکی محکمے کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ یہ دورہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں تائیوان کی کامیابی کا اعتراف ہے۔اُدھر بیجنگ حکومت نے دورے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ چینی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کسی بھی قسم کی خطرناک حرکت کرنے سے باز رہے۔واضح رہے کہ 1979ء کے بعد سے امریکا کے اعلیٰ ترین حکام کا یہ پہلا دورہ تائیوان ہے۔ اس سے قبل چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ بیجنگ امریکا اور تائیوان کے درمیان سرکاری وفود کے تبدلے کے سخت خلاف ہے، لہٰذا امریکی وفد کا دورہ منسوخ کیا جائے۔