یمن: ہلاکت خیز بارش سے عالمی ورثے کی حامل تاریخی عمارت تباہ

438
یمن: سیلاب کے باعث عالمی تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے‘ امدادی کارکن باقی ماندہ کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں گزشتہ ماہ سے جاری بارش کے سلسلے اور سیلاب کے باعث 130 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے اور دارالحکومت میں تاریخی حیثیت کی حامل عمارت بھی تباہ ہوگئی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں جولائی کے وسط سے جاری بارش کے سلسلے کے باعث مرکزی ڈیم ٹوٹ گیا اور شہری علاقوں میں سیلاب داخل ہونے سے وسیع رقبہ پانی میں ڈوب گیا۔ ایک ماہ کے دوران یمن میں سیکڑوں افراد زخمی اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔ دارالحکومت صنعا میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں سامنے آئیں اور یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دی جانے والی تاریخی عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں میں گیارہویں صدی میں سفید پتھروں سے تعمیر کی گئی کئی عمارتیں موجود ہیں۔