ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز میڈیا ٹائیکون گرفتار

613
ہانگ کانگ: پولیس اہل کار جمہوریت نواز میڈیا ٹائیکون جیمی لائی کو گرفتار کرکے لے جارہے ہیں

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ میں پولیس نے جمہوریت کے حامی میڈیا اداروں کے مالک جمی لائی کو نئے متنازع سیکورٹی قانون کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جمی لائی کی میڈیا کمپنی نیکسٹ ڈیجیٹل سے وابستہ ایک سینئر افسر مارک سائمن نے پیر کی صبح اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اس وقت جمی لائی کو غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ ملی بھگت کے شبہے میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ نیکسٹ ڈیجیٹل نامی کمپنی ایک مقامی اخبار ایپل ڈیلی بھی شائع کرتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہانگ کانگ کے نئے سیکورٹی قانون کے تحت جمی لائی کو غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ اشتراک کرنے اور جعل سازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ایسے اب تک 7 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں ہانگ کانگ کی حکومت کی طرف سے قانون ساز کونسل کے انتخابات ملتوی کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ کی انتظامیہ کے اقدامات جمہوری عمل کے منافی ہیں۔