‘امریکا مدد کرنا چاہتا ہے تو لبنان پر پابندیاں ختم کرے’

594

ایران نے بیروت دھماکے پر سیاست سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے  کہا ہے کہ اگر امریکا مدد کی پیشکش پر مخلص ہے تو لبنان پر عائد پابندیاں ختم کردے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ٹیلیویژن نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیروت دھماکے کو سیاسی مقاصد کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے اور دھماکے کی وجوہات کا بغور جائزہ لیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا لبنان کو اپنی مدد کی پیش کش کے بارے میں ایماندار اورمخلص ہے تو وہ پابندیاں ختم کریں۔

دوسری جانب گورنر بیروت نے  گزشتہ ہفتے ہونے والے دھماکے سے متعلق کہا ہے کہ ابھی تک لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی لاشوں کی شناخت میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی غیرملکی ملازمین اور ٹرک ڈرائیورز اب بھی لاپتہ  ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے، جائے دھماکا پر بحالی کا کام کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ بیروت میں بندرگاہ کے قریب جائے دھماکا پر ان کی تنظیم کا بھی اسلحہ و بارود کا ذخیرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے مقام پر ذخیرہ کیے گئے دھماکا خیز مواد میں ان کی تنظیم نے کسی قسم کا اسلحہ ذخیرہ نہیں کیا تھا اور آزادانہ تحقیقات میں سچ سامنے آجائے گا کہ اس ہولناک دھماکوں کے پیچھے کون تھا۔

ٹیلی ویژن پر خطاب میں حسن نصر اللہ نے کہا کہ ویئرہاؤس میں ان کا کوئی میزائل، بم، ہتھیار، گولیاں اور کسی بھی قسم کا اسلحہ و باردو موجود نہیں تھا بلکہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں میں ان کی تنظیم کے افراد بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ افسوسناک واقعے کے ذمہ داران کا احتساب ہونا چاہیے اور ان آزادانہ تحقیقات کے ذریعے ان تمام محرکات کو سامنے لانا چاہیے جو کہ خوفناک حادثے کا سبب بنے۔