گٹھیا کے علاج میں معاون ایک بہترین ایجاد

897

امریکی ماہرین نے تھری ڈی پرنٹر استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا ہلکا پھلکا، لچک دار اور مضبوط مادّہ تیار کرلیا ہے جو گٹھیا کے علاج میں مدد دے سکتا ہے۔

جوڑوں میں ایک خاص طرح کی چکنی اور لچک دار ’کرکری ہڈی‘ (کارٹی لیج) موجود ہوتی ہے جس کی وجہ سے دو مختلف ہڈیاں آسانی سے جوڑوں پر ایک دوسرے کے ساتھ حرکت کر سکتی ہیں۔

اسی کرکری ہڈی کی بدولت ہمیں اٹھتے بیٹھتے اور چلتے پھرتے ہموار انداز سے اپنی ہڈیوں کو حرکت دینے میں سہولت رہتی ہے لیکن اگر بیماری یا عمر رسیدگی کے نتیجے میں کوئی سی کرکری ہڈی متاثر ہوجائے اور اس میں لچک ختم ہوجائے تو گٹھیا کا مرض لاحق ہوجاتا ہے جو انگلیوں کی پوروں سے لے کر گھٹنوں اور ٹخنوں تک میں شدید تکلیف کی وجہ بنتا ہے۔

اگرچہ جوڑوں کی تکلیف دور کرنے کے لیے مصنوعی جوڑ دستیاب ہیں لیکن اوّل تو وہ بھاری ہوتے ہیں جبکہ کچھ وقت گزرنے کے بعد ان میں زنگ لگنا بھی شروع ہوجاتا ہے۔

شمالی کیرولائنا میں ڈیوک یونیورسٹی کے حیاتی انجینئروں (بایو انجینئرز) نے اس مسئلے کا حل ایک مصنوعی کرکری ہڈی کی شکل میں تیار کرلیا ہے جو بہت ہلکی پھلکی ہونے کے علاوہ بالکل قدرتی کارٹی لیج کی طرح لچک دار اور مضبوط بھی ہے۔

اسے بہت ہی خاص قسم کے ہلکے مادّے ’ہائیڈروجل‘ کی دو اقسام کو آپس میں یکجا کرتے ہوئے بنایا گیا ہے جن میں ایسا مواد بھی شامل ہے جو قدرتی کرکری ہڈی کو لچک اور مضبوطی عطا کرنے والے مادّوں سے بڑی مشابہت رکھتا ہے۔

اسے مریض کے جوڑ کی ساخت کے عین مطابق تیار کیا جاتا ہے یعنی متاثرہ فرد کی ناکارہ کرکری ہڈی کا احتیاط سے ناپ لیا جاتا ہے جس کے صرف چند گھنٹوں میں تھری ڈی پرنٹر سے اس کی مصنوعی نقل چھاپی جاسکتی ہے۔ فی الحال یہ طریقہ بالکل ابتدائی مراحل میں ہے جس کی تفصیلات امریکن کیمیکل سوسائٹی کے ریسرچ جرنل ’بایومٹیریلز سائنسز اینڈ انجینئرنگ‘ میں شائع ہوئی ہیں لیکن امید ہے کہ آئندہ سات سے دس سال میں مختلف آزمائشوں سے گزرنے کے بعد اسے انسانوں میں باقاعدہ استعمال کی منظوری مل جائے گی۔