لاہور، پھل فروشوں، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی

183

لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے پھل فروشوں، میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے محکمہ تحفظ ماحول کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کروانے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کردیا۔ حکم نامے میں محکمہ تحفظ ماحول کو پرچون کی دکانوں پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ماحولیات گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کے لیے علاقائی افسران کو احکامات جاری کریں۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد میں بیکریز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت دیا گیا۔ کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔