نکاسی آب کی ابتر صورتحال کے باعث بارش نے شہر کو ڈبو دیا ،حافظ طاہر مجید

393

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ میئر حیدرآباد کے دعوئوں کے باوجودبارش شہریوں کے لیے زحمت ثابت ہوئی ہے نکاسی آب اور صفائی کی پہلے ہی صورت حال خراب تھی بارش نے صورت حال مزیدگھمبیر بنادی ہے۔ بھاری بھرکم فنڈ ہونے کے باوجودبلدیہ کی کارکردگی صفرہے شہر اور لطیف آبادمیں سیوریج اور صفائی کی ابترصورت حال کاشکارہیں بارش کے قبل ہی شہرکی متعددشاہراہیں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں گندگی اور کچرے کے ڈھیر نے سڑکوں کوگھیرے ہوئے ہے سڑکیں خستہ حال ہیں مین ہول سے ڈھکن غائب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اورمیئر نے دعویٰ کیاتھاکہ باران رحمت کوزحمت نہیں بننےدیں گے عملاً اس کے برعکس ہوا،پانی سڑکوں پر کھڑاہے نالوں کی صورت حال جوں کی توں ہے کیچڑ اورکچرے کے ڈھیر جگہ جگہ موجودہیں۔ملازمین کی فوج اور انتظامی اختیارات سے بیشتر مسائل باآسانی حل ہوسکتے ہیں لیکن انتظامی صلاحیت کافقدان اور اختیارات کاروناشہریوں کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹ ہے ۔