نیب ایک نہیں دس بار بلائے ،ڈرنے کی ضرورت نہیں،عثمان بزدار

410
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شادمان پارک میں میڈیاسے گفتگو کررہے ہیں

لاہور (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ جب ہمارا دامن صاف ہے تو ہمیں ڈرنے کی کیا ضرورت ہے‘ ہمیں ایک نہیں10بار نیب بلائے ہم جائیں گے‘ ہر فور م اور ہر جگہ جائیں گے اور ہر چیز دکھائیں گے‘ جن کا دامن صاف ہے ان کو کسی چیز سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے‘ ہم نے نہ غلط کام کیا ہے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے جہاں تک شراب کا لائسنس جاری کرنے میں اثر ورسوخ استعمال کرنے کا معاملہ ہے تو تمام چیزیں قواعد و ضوابط کے مطابق چلتی ہیں اور میں نے ہمیشہ ہی قانون کی پاسداری کی ہے اور اپنے تمام معاملات رولز، ریگولیشنز اور پروسیجر کے تحت چلائے ہیں اور ہم چلا رہے ہیں جس فائل کا ذکر کیا جا رہا ہے اس کو کھول کر دیکھیں کیا کہیں وزیر اعلیٰ آفس کا اس میں کوئی ذکر ہے یا کہیں دور، دور سے اس کا واسطہ ہے کہ نہیں ہے‘ تاہم جب بھی مجھے کسی عدالت یا تحقیقاتی ادارے نے بلایا ‘ میں اس کے سامنے پیش ہوا ہوں اور میں نیب میں بھی پیش ہوں گا‘ تمام ریکارڈ بتاتا ہے کہ اس کے اندر ہے کیا‘ اور اس کی حقیقت کیا ہے‘ روزانہ ہزاروں فائلیں چلتی ہیں اور ہر فائل تو وزیراعلیٰ کے پاس نہیں آتی۔ ان خیالات کا اظہار ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے‘ وزیراعظم کے اس منصوبے کو ہم بھر پور ترجیح دیں گے ‘ وزیر اعظم نے حال ہی میںریور راوی اربن ترقیاتی منصوبہ کا افتتاح کیا ہے اس میں بھی 7 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس سے لاہور کا ایکو سسٹم تبدیل ہو جائے گا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے تب سے اس کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا چل رہا ہے اور روزانہ ہم اس کا جواب بھی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری دفعہ جب وزیر اعظم لاہور آئے تو انہوں نے منتخب نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنا فیڈ بیک شیئر کیا ہے، میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے، اتنا بڑا صوبہ ہے اس میں کوئی کسی کی گارنٹی تو نہیں دے سکتا تاہم وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح پر تعریف بھی کی ہے ‘پنجاب کی انتظامیہ جتنا اچھا ڈلیور کر رہی ہے اور جتنی لوگوں کو آسانیاں پہنچا رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔