کراچی میں بجلی کی صورتحال گورنر ہاؤس میں حکومتی اتحادیوں کا اجلاس

397

کراچی(نمائندہ جسارت)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال کے حوالے سے اتوار کو گورنر ہائوس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد قاسم، میئر کراچی وسیم اختر،کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مونس علوی ،سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام ،پی ٹی آ ئی ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان سندھ اسمبلی بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر گورنرنے کہا کہ شہریوں بجلی کی مسلسل فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی، لوڈ شیڈنگ شہریوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے،اسے ختم ہونا چاہیے ۔وفاقی وزیر عمرایوب نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔اجلاس میں کے الیکٹرک کی کارکردگی پر ارکان اسمبلی نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ سے شہری شدید پریشان ہیں،شہر بھر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھا دی گئی ہے،جن علاقوں میں صفر لوڈ شیڈنگ تھی اب ان علاقوں میں بھی 2 سے 3 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا ر ہی ہے۔ارکان اسمبلی نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ میں اضافے کے باوجود بل انتہائی زیادہ بھیجے جارہے ہیں۔علاوہ ازیںگورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرصدارت حیسکو اور سیپکو کے اضلاع میں بجلی کی صورتحال کے سلسلے میں گورنرہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں بجلی کی صورتحال ،بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی،اس میں بہتری اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور بجلی کی فراہمی سے متعلق منتخب نمائندوں کی شکایات کا فوری ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہوگا اس ضمن میں جلد وفاقی وزیر توانائی کے ساتھ حیسکو اور سیپکو کے اضلاع کا دورہ کروں گا اس اجلاس کا مقصد منتخب نمائندوں اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل حل کرنا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔