کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ کرام واہل بیت قائم کرنیکا اعلان

458

کراچی (نمائندہ جسارت) اہل سنت کے تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علما کرام نے ’’تحفظ بنیاد اسلام بل‘‘کا خیر مقدم کرتے ہوئے تحفظ ناموس صحابہ کرام و اھل بیت عظام کی مشترکہ جدوجہد کے لیے کل جماعتی مجلس عمل ’’تحفظ ناموس صحابہ کرام و اھل بیت عظام‘‘قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اور جمعیت علما اسلام (س)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی کو کنوینر مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دینی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس جلد از جلد منعقد کر کے اس کی عملی تشکیل مکمل کریں،اجلاس میں مولانا زاہد الراشدی،لیاقت بلوچ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،مولانا محمد احمد لدھیانوی،سید محمد کفیل بخاری،حافظ عبدالغفار روپڑی، عبداللطیف خالد چیمہ،مولانا محمد الیاس چنیوٹی، عبدالرؤف ملک،حافظ زبیر احمدظہیر، قاری محمد زوار بہادر، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر،حافظ اسعد عبید،مولا نا محمد اشرف طاہر، قاضی ظفرالحق، مولانا عبدالخالق ہزاروی، حافظ احمد علی، علامہ محمد یونس حسن،محمد طیب قریشی ایڈووکیٹ، حافظ محمد نعمان حامد، مولانا اسد اللہ فاروق،مولانا محمد اسیدالرحمٰن سعید، رانا مقصود الحق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، مفتی عبدالحفیظ، مولانا عتیق الرحمٰن ارشد، میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احرار، مولانا تنویر الحسن احرار، قاری محمد قاسم بلوچ، قاری محمد طیب حنفی، قاری علیم الدین شاکر،مولانا الطاف حسین گوندل،اور کئی دیگر رہنما اور شخصیات شریک ہوئیں اور جمعیت علمااسلام کے مرکزی نائب امیر مولانا مفتی حبیب الرحمٰن درخواستی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ خطاب کرنے والوں میں جمعیت علما اسلام،جمعیت علماء پاکستان، مرکزی جمعیت اھل حدیث، انٹر نیشنل ختم نبوت مووومنٹ، جماعت اھل حدیث،مجلس احرار اسلام،جماعت اسلامی،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت،پاکستان شریعت کونسل،پاکستان علماء￿ کونسل، متحدہ علماء￿ کونسل، تنظیم اسلامی،اہل سنت والجماعت، تحریک نفاذ امتناع قادیانیت ارڈینینس،کے علاوہ کئی دینی اداروں کے نمائندہ حضرات نے شرکت کی۔اجلاس میں درج ذیل مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا جس کا اعلان مولانا عبدالرؤف فاروقی نے تمام جماعتوں کے رہنماؤں کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں کیا۔جو درج ذیل ہیں۔اہل سنت کے مختلف مکاتب فکر اور علمی حلقوں کا یہ نمائندہ اجتماع پنجاب اسمبلی میں ’’تحفظ بنیاد اسلام بل‘‘کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔اور اسے اسلام کی مقدس ہستیوں اور بزرگوں کے ساتھ ارکان اسمبلی کی محبت و عقیدت کا مظہر قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت،سپیکر پنجاب اسمبلی،بل کے محرکین اور تمام ارکان کو مبارکباد دیتاہے اور امید کرتا ہے کہ یہ بل جلد از جلد قانونی صورت اختیار کر کے نافذ العمل ہو جائے۔