دردانہ صدیقی کی لڑکی کو بے لباس کرکے ویڈیو وائرل کرنے کی مذمت

384

کراچی(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے راولپنڈی میں لڑکی کو بے لباس کرکے اس کی ویڈیو سوشل میڈیاپرچلانے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے مجرم کسی معافی کے مستحق نہیں، سخت سے سخت سزا ہی ان کا مقدر ہونا چاہیے۔ انہوں نے تمام مجرمان کو
سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ تیزی سے اخلاقی تنزلی کی جانب جارہا ہے اگر بروقت اسباب تلاش کرکے تدارک نہ کیا گیا تو اس اخلاقی گراوٹ کی کھائی سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ دینی تعلیمات اور اخلاقی تربیت سے ہی معاشرے کاسدھار ممکن ہے،سزا کا خوف انسان کو برائی سے روکنے میں مدد کرتا ہے۔انہوں نے کہا سال کے ایک دن عورتوں کے حقوق کا مطالبہ کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔آج معاشرے میں عورت کی عزت،وقار اور حرمت کے لئیے آواز اٹھانے کے ساتھ اسے عدالت سے انصاف دلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اس وقت معاشرہ بے سمت ہے اسے صحیح رخ دینے کے لئیے معاشرے کی ہر قوت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔محض قانون سازی کافی نہیں ہے ہمیں معاشرے کو ہیجان خیزی کی طرف لے جانے والے اسباب تلاش کرکے ان کا سدباب کرنا ہوگا اور مجرم کو سزا دے کر مظلوم کو انصاف فراہم کرنا ہوگا۔