قونصل جنرل جدہ کی زیر صدارت ’یوم استحصال کشمیر‘ کی تقریب

419

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں 5 اگست ’یوم استحصال کشمیر‘ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کی۔ سعودی میڈیا کنسلٹنٹ منصورنظام ایدین تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ، چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود احمد پوری، جنرل سکرٹری، جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی سردار وقاص عنایت اللہ، نائب صدر اوورسیز کشمیر کمیونٹی چودھری معروف حسین اور رکن کشمیر کمیٹی جدہ پرویز یوسف نے بطور مہمان اعزازی خطاب کیا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ برس 5 اگست کی بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ کشمیر کو پنجرے میں تبدیل کرنے کے باوجود، بھارت آزادی پسند کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے مختلف بین الاقوامی فورمز پر کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور پاکستانی برادری سے اپیل کی کہ ہم سب کو اجتماعی کاوشوں کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
مہمان خصوسی منصور نظام ایدین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کشمیر کے مقصد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ او آئی سی میں پاکستانی مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت پر حملہ کیا ہے اور بھارتی قبضے کا معاشی نتیجہ 4 ارب ڈالر کا نقصان ہے۔
آخر میں مسعود احمد پوری، سردار وقاص، چودھری معروف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کا مقدمہ بیرون دنیا تک پہنچانے کے لیے آزاد کشمیر کے رہنماؤ ں کو باہر بھیجا جائے تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکیں۔ پرویز یوسف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب میں وادی کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے علاوہ وزیر خارجہ کے پیغاما ت پڑھ کر سنائے گئے۔ صدر پاکستان کا پیغام ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو، وزیر اعظم کا پیغام قونصل (پریس) حمزہ گیلانی نے پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے جاری کیا گیا نیا نقشہ بھی اسکرین پر دکھایا گیا۔