پنڈی بھٹیاں کے عوامی مسائل حل کئے جائیں،خضر حیات

64

اتفاق مزدور یونین کریسنٹ باہو مان لمیٹڈ پنڈی بھٹیاں حافظ آباد کے زیر اہتمام گائوں چندراکہ سکھیکی منڈی تحصیل پنڈی بھٹیاں حافظ آباد میں مزدور مسائل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجلاس کیا گیا۔ جس میں ملک خضر حیات لیبر سیکرٹری پنجاب نیشنل پارٹی، حقوق خلق موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمار علی جان، مرتضیٰ باجوہ، کریسنٹ باہو مان لمیٹڈ پنڈی بھٹیاں اتفاق مزدور یونین کے صدر آغا غلام عباس اور مولوی محمد یوسف، اور کثیر تعداد میں مزدور اور چندراکہ گائوں کے عوام نے شرکت کی۔ لوگوں نے عوامی مسائل اور مزدور مسائل پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ گائوں چندراکہ پاکستان بسنے سے پہلے کا آباد ہے۔ مگر افسوس اس گائوں کے مسائل کے انبار ہیں۔ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر اور ناقص پانی کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور ٹی بی اس گائوں کی عام بیماری ہے۔ اس گائوں میں تقریباً ہر گھر میں کوئی نہ کوئی ہیپاٹائٹس کا مریض ضرور ہے۔ اور ان کا پرسان حال کوئی نہیں ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور مریضوں سے گھروں میں جا کر ملاقات کی۔ لوگ پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں اور وسائل نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ وسائل کی کمی اور حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے انتہائی غریب اور لائق طالب علم علم کے زیور سے محروم ہورہے ہیں۔ ان لوگوں سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد اس گائوں میں فری میڈیکل کیمپ کا بندوبست کیا جائے گا۔ اور ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ فری کیے جائیں گے اور مفت ادویات کا بندوبست کیا جائے گا تا کہ آئندہ آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے بچ سکیں۔
اس کے بعد کریسنٹ باہو مان لمیٹڈ پنڈی بھٹیاں کے مزدوروں سے ملاقات کی گئی اور ان مزدوروں کے مسائل حل کرنے اور مزدور یونین کا ریفرنڈم کروانے اور مزدور رہنمائوں کی بحالی کے حل کے لیے حکمت عملی بنائی گئی اور گائوں چندراکہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی۔ مولوی محمد یوسف، شوکت علی، عادل بھٹی، ثاقب علی، اللہ دتہ، لیاقت علی کو کمیٹی ممبر بنایا گیا۔