کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ جاری، بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن بر قرار

238

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مانچسٹر ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ۔پاکستان کے بابراعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے جب کہ سنچری میکر شان مسعود کی رینکنگ میں بہتری ہوئی ہے اور وہ 19ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے اسٹیواسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی دوسری پوزیشن ہے، مارنوس لانوشین بھی اپنا تیسرا نمبر برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔بولروں کی درجہ بندی میں کوئی پاکستانی ٹاپ10 میں جگہ نہیں بناسکا، محمد عباس 11ویںپوزیشن پانے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ نئی درجہ بندی کے تحت پیٹ کمنز اس فہرست کے حساب سے ٹاپ پر ہیں، نیل ویگنر کا دوسرا جب کہ اسٹیورٹ براڈ کا تیسرا نمبر برقرار ہے، لیگ اسپنر یاسر شاہ رینکنگ میں 22 ویں نمبر آ گئے ہیں جب کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا 33 واں نمبر ہے۔آل رائونڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں زیادہ اچھی پرفارمنس نہ دکھانے کے باوجود انگلینڈ کے بین اسٹوکس پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں تاہم ٹاپ 10آل رائونڈرز میں پاکستان کا کوئی کرکٹر شامل نہیں ہوسکا۔