غیر ملکی ٹیم کو پاکستان بلانے کے لیے پر امید ہیں، سلطان شاہ

347

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں کمی کی وجہ سے اکتوبر میں دوبارہ ڈومیسٹک ایونٹ کا انعقاد کریں گے، آئندہ 6 ماہ تک ایک غیر ملکی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا۔ سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث گذشتہ 5 ماہ سے کھلاڑی فزیکل فٹنس ٹیسٹ کو برقرار رکھنے کیلئے گھروں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ہم نے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ بھی آن لائن فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس میں روزبروز کمی آ رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اکتوبر میں ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کریں تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی پرامید ہے کہ آئندہ 6 ماہ تک کسی بھی غیر ملکی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ سیریز کیلئے مدعو کریں گے۔