انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف سب سے چھوٹی جیت

395

 سید پرویز قیصر
انگلینڈ نے مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں3 وکٹ سے شکست دی جو اسکی پاکستان کے خلاف وکٹوں کے اعتبارسے مشترکہ طور پر سب سے چھوٹی جیت ہے۔
پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کو 277 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ کے5 کھلاڑی جب 117 رنز پر آئوٹ ہوگئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ جیت جائے گی مگر جوز بٹلر اور کریس ووکس نے چھٹے وکٹ کی رفاقت میں139 رنز جوڑکر میزبان ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کردیا۔ کریس ووکس نے،جو پچھلی17 اننگزمیں کوئی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے اور انکا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر37 رنز تھا،165 منٹ میں120 گیندوں پر10 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پہلی اننگ میں انہوں نے 19 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی دو نوں اننگز میں وہ2,2 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ان کومین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔انگلینڈ کا دوسری اننگ میں اسکور اس میدان پر جیت کے لئے بنایا گیا دوسرا سب سے بڑا سکور تھا۔ اس میدان پر جیت کے لئے سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی انگلینڈ کے پاس ہے۔ اس نے مئی 2008 میں نیوزی لینڈ کے خلاف88 اوور میں4 وکٹ پر294 رنز بنائے تھے اور میچ6 وکٹ سے جیتا تھا۔
لیڈز میں اگست 1982 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو3 وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے100.5 اوور میں275 رنز بنائے تھے۔ کپتان عمران خان نے171 منٹ میں131 گیندوں پر 9چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 67 رنز بنائے تھے۔ایان بوتھم نے70 رنز دیکر4 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم 89.2 اوور میں256 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جسکی بدولت پاکستان نے19 رنز کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔ڈیوڈ گاور نے سب سے زیادہ74 رنز بنائے تھے جبکہ عمران خان نے49 رنز دیکر5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
پاکستان کی ٹیم دوسری اننگ میں81 اوور میں199 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔جاوید میانداد90 منٹ میں 57 گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ عمران خان نے 7 چوکوں کی مدد سے 46رنز بنائے ۔ ایان بوتھم نے74 رنز دیکر5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
انگلینڈ کو اپنی دوسری اننگ میں 2 دن سے بھی زیادہ عرصے میں219 رنز بنانے تھے۔ اس نے80.2 اوور میں7 وکٹ پر یہ رنز بناکر میچ تین وکٹ سے جیتا۔ کریس ٹوارے اور گریم فلارو کی پہلی وکٹ کی 103 رنز کی ساجھے داری کی وجہ سے انگلینڈ کی جیت آسان ہوئی۔ گریم فلاور نے264 منٹ میں203 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے۔پاکستان نے42 ٖفاضل رنز دیے جنہوں نے اسکی شکست میں ایک اہم کردار ادا کیا۔عمران خان نے 66 رنز دیکر 3 اور مدثر نذر نے 55 رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔