۔40 چوروں کی غفلت سے سندھ ہر سال ڈوب جاتا ہے‘خرم شیر

239

 

کراچی(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ علی باباکے بیٹے اورانکے 40 چوروں کی غفلت سے سندھ ہر سال ڈوب جاتا ہے سندھ حکومت کے پاس کاچھو کی عوام کے لیے ہیلی کاپٹر موجود نہیں لیکن وزیراعلیٰ سیر سپاٹے کرتے پھر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ اپنے گھر کا فضائی دورہ کرکے روانہ ہوگئے،کاچھو میں ہزاروں لوگ تاحال پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہائوس سے اتوار کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ دوروں کی بجائے امدادی کارروائیاں عمل میں لائیں،کاچھو میں صرف پاک فوج اور فلاحی تنظیموں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،بلاول اپنے نااہلوں کے لشکر کو کاچھو بھیجیں،سندھ حکومت کے وزراء عوام کی مدد کرنے کی بجائے انتظامیہ سے خدمتیں کروانے میں مصروف ہیں،سندھ حکومت نے کاچھو کی عوام کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹر دینے سے انکار کیااور وزیراعلیٰ سندھ اسی ہیلی کاپٹر میں سیر سپاٹے کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ،سندھ حکومت کے وزراء این ڈی ایم اے کی جانب سے نالوں کی صفائی کے موقع پرفوٹو سیشن کروانے تو پہنچ گئے لیکن جب سڑکوں پر پانی کھڑا ہوا تو کوئی صوبائی وزیردوربین میں بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔