اطہر ہاشمی کے لیے پی جے ایف کا تعزیتی اجلاس

277

جدہ (سید مسرت خلیل) پاکستان جنرنلسٹس فورم (پی جے ایف) نے جدہ سے شائع ہونے والے اردو میگزین کے ایڈٹر، سینئر صحافی ، کالم نگار و روزنامہ ’’جسارت ‘‘ کے چیف ایڈیٹر سید اطہر علی ہاشمی کے انتقال پر آن لائن تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔ دو گھنٹہ جاری رہنے والے اس اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان میں اطہر ہاشمی صاحب کے صحافتی دوستوں اور فورم کے ارکان نے شرکت کی۔ رؤف طاہر ، سراج وہاب، حبیب صدیقی ، شاہد نعیم ، جمیل راٹھور، اطہر عباسی، اسد اکرم، وقار نسیم وامق، ذکا محسن اور دیگر شرکاء نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اورگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ سید اطہر علی ہاشمی کی شخصیت، صحافت ، اردو میگزین اور جسارت کے لیے گراں قدر خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ اس موقع پر اطہر ہاشمی کی اہلیہ پروفیسر نیلوفر ہاشمی اور صاحبزادے فواد ہاشمی بھی موجود تھے۔ سینئر صحافی محمد عامل عثمانی نے مرحوم کے درجات کی بلندی و مغفرت کی دعا کی‘ پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان نے نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔