بھارت میں ایک ہی خاندان کے 11 پاکستانی ہندو تارکین وطن کی پر اسرار موت

437

جودھ پور/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک ہی خاندان کے 11پاکستانی ہندو تارکین وطن کی پراسرار موت ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع جودھ پور میں پیش آیا جہاں کھیتوں کے قریب ایک جھونپڑی سے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں،پورے خاندان میں سے صرف ایک ہی شخص زندہ بچا ہے جو اْس وقت گھر سے باہر تھا۔واقعے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور علاقے کے مکینوں کو کوئی بھی بیان دینے سے روک دیا ہے۔ میڈیا کی وہاں تک رسائی روکنے سے معاملہ مشکوک ہوگیا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ خود کشی کا لگتا ہے، جائے وقوعہ سے کیمیکل کی بو آرہی تھی جس سے گمان ہوتا ہے کہ سب نے کوئی زہریلا کیمیکل پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ہو تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی حتمی بات کہی جا سکتی ہے۔متاثرہ خاندان کا تعلق بھیل برادری سے ہے اور 8 سال قبل سندھ سے نقل مکانی کرکے بھارت پہنچا تھا۔ ادھرپاکستان ہندو کونسل کے سربراہ رمیش کمار ونکوانی اور آل پاکستان ہندو پنچائیت کے رہنما روی دوانی نے واقعہ پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستانی ہندوؤں کی موت کی تحقیقات کروائے اور پاکستان سے ہجرت کرکے بھارت جانے والے ہندوؤں کو تحفظ دیا جائے، پاکستان چھوڑ کر جانے والے سیکڑوں ہندو ایسے ہیں جنہیں گزشتہ 8 سے 10 برس بھارت میں گزارنے کے باوجود بھارتی شہریت نہیں مل سکی اور وہ لوگ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔