کورونا ختم نہیں ہوا، محرم میں سخت احتیاط کریں ، پودے نہ لگائے تو ملک ریگستان بن جائے گا،وزیراعظم

154
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کررہے ہیں

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، محرم میں سخت احتیاط بہت ضروری ہے۔اسلام آباد میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ کہیں بے احتیاطی سے کورونا کیسز نہ بڑھ جائیں، جب بھی باہر جائیں فیس ماسک ضرورپہن کر جائیں۔عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محرم الحرام کے دوران ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل کریں، ایران میں بھی علما اعلان کر رہے ہیں کہ ویسے محرم نہیں منانا جیسے پہلے مناتے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ کورونا کے کیسز بہت کم ہوگئے ہیں اور یہ خدا کی رحمت ہے کہ ہمارا ملک کوروناسے مؤثر انداز میں نمٹنے والے ممالک میں شامل ہے ۔شجرکاری کے حوالے وزیراعظم کاکہنا تھاکہ آج 35لاکھ پودے ایک دن میں لگائے گئے ہیں، 35 لاکھ درخت لگانا شروعات ہے، درخت اگانا صدقہ جاریہ ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، ہم نے اپنے ملک کوصاف کرنا ہے، دریاؤں کا بھی براحال ہے، لاہور میں اتنی آلودگی ہے کہ سردیوں میں سانس نہیں لی جاتی۔ عمران خان نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گزشتہ 2 سال میں گندم کی پیداوارکم ہوئی اگر ہم نے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ملک ریگستان بن جائے گا، جنگلات اوردرخت کاٹنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ملک شدید متاثر ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پودے لگاکر ماحولیاتی تبدیلی کوروک سکتے ہیں،،درخت لگانا آئندہ نسلوں کے لیے جہادکادرجہ رکھتاہے۔