وزیراعظم نے ٹائیگر فورس ایپ میں شجر کاری فیچر کی منظوری دے دی

345

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس ایپلیکیشن میں گرین سیلفی فیچر کے استعمال کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئر عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کے استعمال کی منظوری دے دی ہے، ایپلیکیشن کے ذریعے ملک بھر میں لگائے گئے پودوں کی براہ راست لوکیشن اور تعداد معلوم کی جا سکتی ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شجر کاری مہم کا آغاز ہوا، کراچی سے خیبر تک اگائے ایک ایک پودے کا ریکارڈ ایپ میں دستیاب ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اکثر اپوزیشن ارکان کو پودے گننے کا شوق رہتا ہے، اپوزیشن ارکان اب گھر بیٹھے ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے پودے گن سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شجر کاری کا ڈیٹا تین مختلف طریقوں سے حاصل کیا جاسکے گا جب کہ ایپ میں جیو ٹیگنگ کی سہولت بھی متعارف کرادی گئی۔