وفاق کی نااہلی سے بارشوں میں جانی نقصان ہوا: سندھ حکومت

912

کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارشوں سے جانی نقصان کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کے دورہ سندھ پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔ وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ صوبے میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، حکومت سندھ نے کے-الیکٹرک، حسیکو اور سیپکو کو بارش سے قبل خبردار کیا لیکن انہوں نے کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی اداروں کی نااہلی اور لاپرواہی سے بارشوں میں جانی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر عمر ایوب کا گورنر ہاؤس کے اندد بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، وفاقی وزیر کی کراچی آمد پر سندھ حکومت سے رابطہ نہیں کیا گیا، انتظامی اختیارات وزیر اعلیٰ کے پاس ہوتے ہیں نہ کہ گورنر کے پاس۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ لگتا ہے وفاقی وزیر اپنے نجی دورے پر کراچی آئے ہیں۔