صومالیہ میں فوجی اڈے پر خود کش حملہ‘ 8 اہل کار ہلاک

220
موغادیشو: فوجی اڈے پر خودکش حملے کے بعد شعلے اور دھواں اٹھ رہا ہے‘ زخمی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

موغادیشو (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک صومالیہ میں فوجی بیس پر کیے گئے خود کش حملے میں 8فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ صومالیہ کے ضلع وارتا نابادا میں نئے تعمیر کیے گئے فوجی اڈے پر پیش آیا۔ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی چھاؤنی کے صدر دروازے سے ٹکرا دی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی فوجی اڈا صومالیہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں تعمیر کیا گیا تھا۔ صومالی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ محمد عبدالرحمٰن نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ستائیسویں بریگیڈ کیمپ کے قریب بڑا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 8فوجی ہلاک ہوئے۔ ادھر عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایک گاڑی فوجی چوکی کے پاس سے گزر تے ہوئے زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے بعد ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے۔ اس دوران فوجیوں نے بدحواس ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ دھماکے کے نتیجے میں وہاں کھڑی کئی گاڑیوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ ادھر حملے کی ذمے داری القاعدہ سے منسلک الشباب نامی عسکریت پسند تنظیم نے قبول کرلی۔ الشباب کے ترجمان عبد اسیس ابو مصعب نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اہم فوجی اڈے پر کامیاب حملہ کیا۔