سراج الحق نے ریلی حملے کے زخمیوں کی اسپتال جاکر عیادت کی

275

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مقامی اسپتال میں زیر علاج جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر بم حملے میں زخمی ہونے والے کارکنوں سے ملاقات اور عیادت کی ۔ ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔ زخمیوں میں2کی حالت تشویشناک ہے ان میں عبد الحسن المعروف عبدالاحد (48سال) انتہائی نگہداشت وارڈ میں اور شوکت ربانی (50سال) جن کا آپریشن ہوا ہے کے علاوہ نور الحق (55سال) ، محمد دائود(50 سال) اور حبیب الرحمن (30سال) شامل ہیں ۔ سراج الحق نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شفائے کاملہ کے لیے دعا کی اور ان کے حوصلوں اور جذبوں کو سراہا ۔ زخمیوں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے سراج الحق کی آمد اورخبرگیری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بلند عزائم اور جوش و جذبات کا اظہار کیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بہنے والا خون اور قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی ، جدو جہد جاری رہے گی اور کشمیر ایک دن ضرور بھارت کے تسلط سے آزاد ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کی ذمے داری ہے کہ کشمیر ریلی پر بم حملے کے مجرموں کو فی الفور گرفتار کریں اور بھارتی لابی اور ایجنٹوں کو کنٹرول کریں ۔ اس موقع پر مرکزی نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ، امیر ضلع ملیر محمد اسلام ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ضلع شرقی کے قائم مقام امیر عزیز الدین ظفر ، نائب امیر ضلع نعیم اختر اور دیگر بھی موجود تھے ۔