مقبوضہ کشمیرکامعاملہ بھارت سے اٹھاتے رہیں گے ‘یورپین کونسل

211

برسلز(اے پی پی)صدر یورپین کونسل چارلس مائیکل اور صدر یورپین کمیشن ارسلا نے چیئرمین یورپین یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات ہمیشہ اٹھائے ہیں اور بھارت کیساتھ ہر سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔ چیئرمین یورپین یونین پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چودھری پرویز اقبال لوسر نے صدر یورپین کونسل اور صدر یورپین کمیشن کو خطوط لکھے تھے،جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کے خاتمے،گزشتہ ایک برس سے جاری مواصلاتی بندشوں، ماورائے قتل و غارت، جبری گمشدگیوں، ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر اور بھارتی غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لینے اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی تحقیقات کے لیے یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی عدالت انصاف کو بھارت کیخلاف کارروائی پر راضی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے ۔ہفتے کو صدر یورپین کونسل اور صدر یورپین کمیشن نے اپنے جواب میں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات ہمیشہ اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی بھارت کیساتھ مذاکرات میں ہر سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا خیال ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کسی بھی الزامات کی فوری، شفاف اور انسانی حقوق کی عالمی ذمے داریوں کے مطابق تحقیقات ہونی چاہیے ۔