سندھ اور بلوچستان میں بارش سے تباہی‘33جاں بحق

1501
گوادر: کوسٹل ہائی وے پرپل ٹوٹ گیا‘ سامان سے لدا ٹرک پل کے دھانے پر اٹکا ہواہے

کراچی‘ کوئٹہ‘ دادو (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اور بلوچستان میں بارش سے تباہی‘33جاں بحق ‘ نئی گج ڈیم ٹوٹ گیا‘ 50 دیہات زیرآب‘ زمینی رابطے منقطع ‘پل بہہ گئے‘ آج بھی شدید بارش کا امکان‘ حب ڈیم میں کراچی کے لیے 2022ء تک کا پانی ذخیرہ‘این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی کے تینوں بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100 فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میںہفتے کومسلسل تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا جاری ر ہی ، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، مختلف حادثات و واقعات میں بچوں سمیت 14 افرادجان کی بازی ہار گئے،تین روز میں مرنے والوں کی تعداد 25ہو گئی ، مسلسل بارشوں کے باعث شہریوں کی اکثریت گھروں تک محدود ہے، ڈی ایم سیز، کے ایم سی، حکومت سندھ، این ڈی ایم اے اور پاک فوج پانی کی نکاسی کے لیے جاری ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، عزیز آباد بلاک 2 میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کورنگی کاز وے کے مقام پر ملیر ندی کا پانی بہہ کر سڑک پر آگیا،جس سے راستہ زیر آب آگیا ،قیوم آباد اور ڈیفنس سے کورنگی جانے والی ملیر ندی کی مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا،بلوچ کالونی سے کورنگی جانے والے کاز وے کو پہلے ہی ٹریفک کے لیے بند کیا ہواہے۔شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی طویل بندش جاری ہے، اورنگی، خداداد کالونی، لانڈھی، پی ای سی ایچ ایس ، اولڈ سٹی ایریا اور کورنگی میں گزشتہ رات سے بجلی غائب ہے جبکہ سرجانی، خدا کی بستی اور دیگر مضافاتی علاقوں میں گزشتہ 2 روز سے بجلی غائب ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی کے تینوں بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100 فیصد مکمل ہوگیا ہے اور تمام 42 چوک پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں،کراچی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں اور ضروری حفاظتی سامان کیساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، پاک فوج کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے جبکہ پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ادھرسندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے کراچی کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید 8 فٹ بلند ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق بارشیں شروع ہونے سے قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 312 فٹ پر تھی جب کہ حالیہ بارشوں سے اب حب ڈیم میں سطح آب 320 فٹ سے تجاوز کرگئی ہے، چند روز میں اب تک 8 فٹ سے زاید پانی آچکا ہے اور پانی کا یہ ذخیرہ کراچی کے لیے سال 2022ء تک کے لیے کافی ہے۔علاوہ ازیںسندھ میں حالیہ بارشوں سے نائی گج ڈیم کو شدید نقصان پہنچا ہے، فیلڈ پروٹیکشن بند میں شگاف پڑ گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ میں حالیہ عرصے کے دوران ہونے والی بارشوں سے نائی گج ڈیم کوشدیدنقصان ہے۔ڈیم کے فلڈپروٹیکشن بندمیں شگاف پڑگیا۔ شگاف پڑنے سے ضلع دادو کے دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، دیہات اور ڈیم کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد پاک فوج امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہے،آرمی انجینئرز،موٹربوٹس،میڈیکل ٹیمیں امدادکے لیے پہنچی ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جن سے صوبے کے21 اضلاع متاثرہوئے ہیں۔ جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے کا پل بہہ گیا، قلات، لسبیلا ، آواران اور پنجگور میں بھی ہر طرف پانی ہی پانی نظر آرہاہے، حب کے قریب ریلے میں پھنسے 7 سیاحوں کو نکال لیا گیا۔دوسری طرف بولان میںسیلابی پانی سے بی بی نانی پل میں شگاف پڑ گیا، شگاف پڑنے سے پل کاایک حصہ مکمل تباہ ہو گیا، کوئٹہ کا سندھ پنجاب سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا،شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ڈیرہ بگٹی میں مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا،انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، سیلابی ریلے میں سانپ نے ایک شخص کو کاٹ لیا ، لوگوں کا سامان اور کھانے پینے کی اشیاء بہہ کر تباہ ہوگئی۔خضدار کے علاقے مولا میں سیر کے لیے جانیو الے 100 افراد کو بحفاظت نکال لیاگیا۔درہ بولان میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور کرتہ کے علاقے میں پھنسے کچھ لوگوں کو نکال لیا گیا۔بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث انتظامیہ نے ماہی گیروں کی گہرے سمندر، برساتی نالوں، سیاحتی مقامات اور نالوں کے قریب شہریوں کی آمدو رفت پر پابندی عاید کردی۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ ‘ بلوچستان میں آج بھی ہلکی ‘ تیز بارش ہو گی ۔